تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 نومبر 2012
وقت اشاعت: 7:24

دنیا بھرمیں10محرم کے ماتمی جلوس کا سلسلہ جاری

اے آر وائی - دنیا بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین کی یاد میں مجالس برپا ہیں اور ماتمی جلوس بر آمد کئے جارہے ہیں۔ عراق کے شہر کربلا میں تیس لاکھ لوگ امام حسین کے روضہ پر حاضری کے لئے پہنچ گئے۔



عراق کے شہر کربلا میں لاکھوں عزا دار حضرت امام حسین کے روضہ کی زیارت کر رہے ہیں۔ یکم محرم سے اب تک تقریباً چالیس لاکھ افراد امام کے روضہ کی زیارت کر چکے ہیں جبکہ آج دس محرم کو بھی تیس لاکھ کے قریب افراد شہر میں موجود ہیں۔ عراق کے دارلحکومت بغداد میں عاشورہ کے موقع پر زبردست سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے حساس علاقوں میں دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور فوجی تعینات ہیں۔



ایران بھر میں عاشورہ محرم کے سلسلے میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ دارالحکومت تہران، صنعتی شہر بندر عباس اور بام میں دسویں محرم کے موقع پر جلوس نکالے جارہے ہیں جن میں لاکھوں عزا داروں نے شرکت کی۔ بندر عباس کے وسطی چوک میں شرکا سینہ کوبی اور زنجیر زنی بھی کر رہے ہیں ۔



افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی ماتمی جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا گیا،جلوسوں کے لئےسکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ہیں سیکڑوں عزا دار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کر رہے ہیں۔



بھارت میں بھی شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کی یاد میں ماتمی جلوس برآمدہوئے اورمصائب آل رسول بیان کئے گئے۔ بھارت کے مختلف شہروں کی طرح شما لی شہر فیض آباد میں بھی کربلا کے شہدا کی قربانیوں کی یاد منانے کے لیے جلوس برآمد ہوا۔ جلوس میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو برادری کےافراد بھی شریک ہوئے۔



اس کے علاوہ بھارت اور مشرق وسطیٰ کے بعض ملکوں میں بھی ماتمی جلوس اور عزاداری جاری ہے۔ برطانیہ ، فرانس، اٹلی، بلجیئم سمیت دیگر یورپی ملکوں میں بھی مجالس منعقد کی گئیں اور جلوس نکالے جارہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.