25 نومبر 2012
وقت اشاعت: 8:45
ڈھاکا:گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی 121افراد زندہ جل گئے
اے آر وائی - بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکا میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ سے ایک سو اکیس افراد زندہ جل گئے۔ ڈھاکہ کے نواحی علاقے کی گارمنٹس فیکٹری تزرین فیشنز میں لگے والی آگ پر پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔
نو منزلہ کثیر المنزلہ گارمنٹس فیکٹری میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے دیکھتے ہی پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔ بنگلہ دیشی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جلی ہوئی فیکٹری کے ملبے سے ایک سو بیس افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ آگ لگنے کے وقت گارمنٹس فیکٹری میں سیکڑوں کارکن ڈیوٹی پر موجود تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔
زندہ بچ جانے والے ایک مزدور کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ فلور پر آگ لگنے کی وجہ سے مزدور فیکٹری کے گیٹ سے باہر نہیں نکل سکے، کئی مزدور نو ویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان گنوا بیٹھے۔ بنگلہ دیشی پولیس حکام کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق بجلی کے ٹرانسفارمر میں دھماکے ہوئے جس کہ بعد اس نے فیکٹری میں موجود غیر قانونی کیمیکل کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔