26 نومبر 2012
وقت اشاعت: 5:6
مصر میں سیاسی بحران شدت اختیار کر رہا ہے
اے آر وائی - مصر میں سیاسی بحران شدت اختیار کرتاجارہا ہے اورامریکی میڈیا کے مطابق محمد مرسی کے تین سینئر مشیروں نے استعفے دے دیا ہے جبکہ التحریر اسکوائر ایک مرتبہ پھر مظاہروں کامرکز بنا ہوا ہے۔ مصر کی اپوزیشن نے حکومت کے خلاف تحریک جبکہ اخوان المسلمون نے منگل سے صدرکےحق میں ریلیوں کااعلان کردیا۔
مصرمیں ججز محمد مرسی کے نئے حکمنامے کے خلاف ججز ہڑتال پر ہیں۔ ہڑتال کرنے والے ججز نے صدر کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ مصرکی اعلی عدالتی کونسل نے اپیل کی ہے کہ ججز ہڑتال کی کال واپس لے کر اپنے امور سنبھالیں۔ صدر محمد مرسی کی جانب سے ایک وضاحت بھی سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر کےاختیارات میں اضافے کا بیان عارضی نوعیت کا ہے۔
مصر کے صدارتی ترجمان کے مطابق صدر مرسی آئینی معاملات پر سیاسی قیادت سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں جبکہ قاہرہ میں مصری صدر محمد مرسی کے حق میں اخوان المسلمون نے ریلی نکالی ۔ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مصر کی اپوزیشن نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ اخوان المسلمون محمد مرسی کے حق میں کل سے ریلیوں کاسلسلہ شروع کررہی ہے۔ دوسری جانب اخوان المسلمون کے قاہرہ میں ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا گیا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ ساٹھ زخمی ہوگئے۔