29 نومبر 2012
وقت اشاعت: 0:36
مصر کے نئے آئین کا حتمی مسودہ تیارآج رائے شماری ہوگی
اے آر وائی - مصر میں نئے احتجاج مظاہروں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ جن میں اب تک 3 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔ مصر کی دستور ساز اسمبلی نے ملک کے نئے آئین کا حتمی مسودہ تیار کر لیا ہے جسے آج رائے شماری کے لیے اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔دستور سازش اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر حسام الغریانی نے دستبردار ہونے والے ارکان اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ واپس آجائیں تمام معاملات جلد حل کرلیے جائیں گے۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئے آئین کے مسودے کی تکمیل ایسے وقت میں کی جارہی ہے جب قاہرہ کے التحریر اسکوائر میں صدر محمد مرسی کے خلاف ہزاروں افراد مسلسل چھٹے روز ان کے جاری کردہ آئینی حکم کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ مصر کے نئے آئین کو دستور ساز اسمبلی سے منظوری کے بعد عوامی ریفرینڈم کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد یہ ملک میں نافذ العمل ہوگا اور اس کے تحت نئے پارلیمانی انتخابات کرائے جائیں گے۔
ادھر صدارتی ترجمان نے غیرملکی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ نئے آئین کی توثیق تک صدر محمد مرسی کا حکم نامہ قابل عمل رہے گا۔ التحریر اسکوائر میں مظاہرین نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس میں روز بروز شدت آتی جارہی ہے کیونکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی مظاہرین التحریر اسکوائر پہنچ رہے ہیں۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان التحریر کی اطراف کی سڑکوں پر رات کو بھی جھڑپیں ہوئی تھیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہ مل سکیں۔ قاہرہ کے علاوہ اسکندریہ،منصورہ اور بعض دوسرے شہروں میں بھی حکومت مخالفین کے مظاہرے جاری ہیں اور ان مظاہرین نے اب حکومتی پارٹی اور سیاسی اتحادیوں کے دفاتر پر بھی حملے شروع کردیئے ہیں۔