29 نومبر 2012
وقت اشاعت: 1:16
برطانیہ پانی میں،امدادی کارروائیاں صاف مطلع کی منتظر
اے آر وائی - برطانیہ میں طوفانی بارش اور سیلاب نے ہرطرف پانی پانی کردیا ہے۔ امدادی کارروائیوں کےلیے مطلع کے صاف ہونے کاانتظار کیاجارہا ہے۔ ایک روز میں مزید سولہ سو گھر منہدم ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں طوفانی بارشوں نے آکسفرڈ میں بھی تباہی مچائی ہے۔ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں سڑکیں اور باغات میں پانی جمع ہوگیا ہے جسے نکالنے کے لیے ابھی اقدامات نہیں کیے جاسکے ہیں۔
ڈینبگ شائر میں دریائے ایلوی نے تباہی مچائی ہے اور ہزاروں لوگ علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ شمالی یارک شائر کے قصبے اولڈ میلٹن میں بھی دریا کے سیلابی پانی نے تباہی مچادی ہے۔ ریلے کےباعث ایک اور شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔ برطانوی ماحولیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ کچھ دریاؤں میں اب بھی سیلابی ریلے موجود ہیں۔ اب بھی سیلاب کی ایک سو چالیس وارننگز ہیں۔
برطانیہ کے جنوب مغربی علاقوں میں سیلاب سے ایک ہی روز میں سولہ سو املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے نتیجے میں چوون ہزار گھر تباہی سے بچ گئے ہیں۔