تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
4 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 5:32

اسرائیل کا مغربی کنارے میں تعمیرات جاری رکھنے کا فیصلہ

اے آر وائی - یورپی دباوٴ کے باوجود اسرائیل نے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں مکانات کی تعمیر جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا سمیت مختلف مغربی ممالک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو خطے کے امن کے لیے تباہ کن قرار دیا۔



اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی دباوٴ میں آ کر مشرقی مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن میں آباد کاروں کے لیے تین ہزار نئے گھر بنانے کے منصوبے کو ترک نہیں کرے گا۔ وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ہمیشہ اپنے اہم مفادات کو سامنے رکھے گا اور اپنا فیصلہ نہیں بدلے گا۔



برطانیہ، فرانس، اسپین، ڈنمارک اور سویڈن نے تعمیرات کے اس منصوبے پر اپنے اپنے ملک میں موجود اسرائیلی سفیروں کو طلب کر کے ان سے احتجاج کیا ہے۔ امریکہ نے بھی اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر ازسرِ نو غور کرے۔ وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جے کارنے نے کہا کہ اسرائیلی حکام یکطرفہ فیصلوں پر غور کریں اور ضبط کا مظاہرہ کریں کیونکہ اس سے براہ راست مذاکرات شروع کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔



روس، جرمنی اور اقوامِ متحدہ نے بھی اسرائیلی منصوبے پر اعتراض کیا ہے۔ برطانیہ کے مطابق یہ اقدام اسرائیل کی جانب سے امن کے لیے دی گئی یقین دہانیوں کو مشتبہ کر رہا ہے۔



اس سے پہلے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کا مشرقی یروشلم کے مقبوضہ علاقوں میں مزید مکانات تعمیر کرنے کا اعلان امن کی کوششوں کے لیے ایک تباہ کن دھچکا ثابت ہو گا۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی نمائندہ کیتھرین ایشٹن کا بھی کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر تعمیرات کا اعلان پریشانی کا باعث ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.