5 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 5:50
فلپائن: سمندری طوفان سے 81 افراد ہلاک
اے آر وائی - فلپائن کے جنوبی حصے میں آنے والے شدید سمندری طوفان کے نتیجے میں اسی سے زائدافراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بوپھا نامی طوفان کے نتیجے میں طوفانی بارش کے ساتھ دو سو دس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چلی۔ طوفان اور آندھی کی وجہ سے چالیس ہزار سے زائد افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔ سمندری طوفان نے علاقے میں بجلی اور مواصلات کے نظام کو بھی متاثر کیا۔
فلپائن کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان سے کم سے کم اکیاسی افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوئے۔ فلپائن کے صدر بینینو اکینو نے بوپھا طوفان کے راستے میں آباد افراد پر زور دیا کہ وہ اس طوفان کو سنجیدگی سے لیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ہلاکتیں درختوں کے گرنے اور ڈوبنے کے نتیجے میں ہوئیں جبکہ اموات میں مزید اضافے کے توقع ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق کئی فوجی اور سویلین اس وقت بہہ گئے جب ان کے فوجی اڈے میں پانی داخل ہوا اور وہ اس کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اب طوفان ملک کے جنوبی اور وسطی صوبوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔