5 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 9:39
فلپائن میں سمندری طوفان 238 افراد ہلاک
اے آر وائی - فلپائن کے جنوبی حصے میں آنے والے سمندری طوفان بوپھا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 238ہوگئی ہے۔ طوفانی بارشوں اور دو سو دس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوٴں کے سبب بہت سے مکانات منہدم ہو گئے اور درخت اکھڑ گئے۔ طوفان کی وجہ سے چالیس ہزار سے زائد افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔
بجلی اور مواصلات کا نظام متاثر ہو گیا اور سیکٹروں پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے۔ سیلابی ریلوں اور مسلسل ہونے والی تیز بارش سے امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔فلپائن کے صدر نے بوپھا طوفان کے راستے میں آباد افراد سے کہا ہے کہ طوفان مزید تباہی پھیلا سکتا ہے لیکن ہم جانی و مالی نقصان کو ایک دوسرے کی مدد کر کے کم کر سکتے ہیں۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اب طوفان ملک کے جنوبی اور وسطی صوبوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔