تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
5 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 11:31

اسرائیلی کی مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری جاری

اے آر وائی - مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی ہٹ دھرمیاں جاری ہیں، غیر ملکی سفارتی دباؤ کے باوجود اسرائیل نے مقبوضہ علاقوں میں یہودیوں کی آباد کاری کے منصوبے ترک نہیں کیے۔



اقوام متحدہ میں فلسطین کو مبصر رکن کی حیثیت ملنے پر اسرائیل کو سخت دھچکہ پہنچا ہے ۔ دیگر ممالک کی جانب سے سفارتی دباؤ کے باوجود اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہوئے اسرائیل مقبوضہ فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیری منصوبے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطینی ریاست کے حوالے سے تاریخی اقدام کے چوبیس گھنٹے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ اسرائیل یروشلم اور دیگر تمام علاقوں میں اپنے اسٹریٹیجک مفادات کے پیش نظر یہودی بستیوں کی تعمیری منصوبے جاری رکھے گا۔



اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے علاقوں غزہ اور مشرقی یروشلم سمیت دیگر علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ دو ہزار دس میں یہودی بستیوں کی آباد کاری کی سرگرمیوں کی وجہ سے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان مذاکرات کا عمل معطل ہو گیا تھا۔عالمی برادری نے یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھنے کی اسرائیلی ہٹ دھرمی کی سخت مذمت کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.