تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
20 جون 2013
وقت اشاعت: 13:27

فرانس:پاکستان ایمبیسی میں دوروزہ سیمینار کا انعقاد

جیو نیوز - پیرس…رضا چوہدری…پاکستان کو درپیش چیلنجوں اور سرمایہ کاری کے ضرورت پر پیرس میں واقع پاکستان ایمبیسی میں دوروزہ سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں فرانس کے سرمایہ کار اور تھنک ٹینک کے ماہرین نے شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز سفیر پاکستان غالب اقبال نے اپنے خطاب سے کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پرامن انتخابات اور اس کے بعد جمہوری طریقے سے اقتدار سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کے عوام جمہوریت کے استحکام اور اس کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں، پاکستان کے نئے وزیر اعظم میاں نواز شریف بزنس مائنڈ کے ساتھ ساتھ لبرل خیالات کے حامل بھی ہیں، ان کی کوشش ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو تمام تر سہولتیں اور ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائے، اس مقصد کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ سیمینار میں دوحہ میں طالبان کے دفتر کھولنے اور امریکا کے ساتھ طالبان کے ممکنہ مذکرات کا بھی تذکرہ ہوا۔ بعد ازں فرانسیسی تھنک ٹینک ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے اس سیمینار کو سفارت خانہ پاکستان کا اہم اور مثبت اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2001ء سے 2012ء تک پاکستان سے بدامنی اور دھماکوں کی خبروں کی آمد سے پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر امیج بہتر نہیں رہا، اب وہاں سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں، وہاں جمہوریت کا تسلسل چل رہا ہے جس سے خطے میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج توانائی کا ہے جس کو پورا کرنے کیلئے بہت سے ذرائع اور طریقے ہیں جن پر کام اور سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ مقررین میں غالب اقبال کے علاوہ مائیکل لیپیٹٹ، جینان گوےئل، مائیکل سیکلےئکس، سیلم علیلی، العین لیمالے اور ملٹری اتاشی پاکستان ناصررضا ہمدانی شامل تھے۔ اس موقع پر مسٹر العین لیمالے نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ میں طالبان کا دفتر کھولنا خوش آئند بات ہے ۔انہوں نے پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کو اچھا اقدام اور انرجی بحران سے نپٹنے کیلئے مثبت فیصلہ قرار دیا ،تاہم اس کے اخراجات کے فنڈز پر سوال اٹھایا۔ انہوں کہا کہ چین کو بھی گیس کی ضرورت ہے وہ اس پائپ لائن مین حصہ ڈالے تو بہتر ہوگا۔ سیلم علیلی اور ہیڈ چانسلر ڈاکٹرمحمد اعجاز نے گفتگو کرتے ہوئے اس سیمینار کو مثبت قراردیا اور یورپ بھر میں اس قسم کے سیمینار منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیمینار میں فرانسیسی ماہرین، بیورکریٹس کے علاوہ بھاری تعداد میں سرمایہ کاروں اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.