22 جون 2013
وقت اشاعت: 18:41
قطر: طالبان، امریکا اور افغان حکومت کے مذاکرات خطرے میں
جیو نیوز - دوحا … طالبان، امریکا اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی خطرے میں پڑ گئے، قطر میں طالبان ترجمان نے کہا ہے کہ دفتر پر لگا بینر ہٹانے اور جھنڈا نیچے کرنے سے امن عمل ابتداء سے ہی کم زور ہوگیا۔ امریکی وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ مذاکرات شروع نہ ہوئے تو طالبان کو دفتر بند کرنا ہوگا۔ قطر میں طالبان کے ترجمان شاہین سہیل نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اسلامی امارات افغانستان کا بینر ہٹانے اور پرچم نیچے کرنے سے طالبان کی صفوں میں غصہ پایا جاتا ہے، طالبان کے اندر اس پر بحث ہورہی ہے، ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ اس معاملے پر کیا اقدام کیا جائے، لیکن اس صورتحال سے مذاکرات کا عمل ابتداء سے ہی کمزور ہورہا ہے اور امید کم ہوگئی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ طالبان اپنی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب قطر میں ہی موجود امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے امید ظاہر کی ہے کہ افغان طالبان سے بات چیت جلد ہوگی اور مذاکرات کا نتیجہ مفاہمت کی صورت میں نکلنے کی امید ہے، دیکھنا ہوگا کہ طالبان اپنے وعدوں کی پاسداری کیلئے تیار ہیں یا نہیں۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ مذاکرات شروع نہ کرنے کی صورت میں طالبان کو قطر میں سیاسی دفتر بند کرنا ہوگا۔