22 جون 2013
وقت اشاعت: 18:57
فرینڈز آف سیریا کانفرنس، شامی باغیوں کو اسلحہ سے لیس کرنے کا فیصلہ
جیو نیوز - دوحا … قطر میں فرینڈزآف سیریا کانفرنس میں شامی حکومت کے مخالفین کو ہتھیاروں اور دیگر ضروری جنگی سازو سامان سے لیس کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ دوحا میں ہونے والے اجلاس میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شام کی اپوزیشن جماعتوں کی مدد کرکے عدم توازن کو ختم کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس کے بعدجاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دمشق حکومت کی مخالف اعلیٰ فوجی کونسل کے ذریعے اپوزیشن کو فوجی مدد فراہم کی جائے گی۔ اعلامیے میں حزب اللہ، ایران اور عراق کے جنگجووٴں کی مداخلت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر شام سے نکل جانے کو کہا گیا ہے۔