1 جولائی 2013
وقت اشاعت: 18:25
مصری فوج کا حکومت کو بحران حل کرنے کیلئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم
جیو نیوز - قاہرہ … مصر کی فوج نے سیاستدانوں کو عوامی مطالبات پورے کرنے کیلئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے، فوجی سربراہ کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن گزرنے تک اگر عوامی مطالبات تسلیم کرکے پورے نہ کئے گئے تو فوج اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کردے گی۔ قاہرہ میں صدر محمد المرسی کے مخالفین مسلسل دوسرے روز بھی التحریر اسکوئر پر موجود ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ صدر مرسی اقتدار چھوڑ دیں۔ پیر کے روز قاہرہ سمیت کئی شہروں میں صدارتی مخالفین اور حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ مصری فوج کے سربراہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سیاستدانوں سے فوری حل تلاش کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے جذبات کے اظہار کیلئے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ مصری فوج ملک میں سیاست اور حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی اور کسی جماعت کی فریق نہیں بنے گی۔ فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ مصر کی تعمیر نو میں مزید وقت کا زیاں ملک کی سیاسی خلیج کو گہرا کردے گا۔