5 جولائی 2013
وقت اشاعت: 16:24
مصرمیں مرسی کے حامیوں کی ریلی پرفائرنگ، 3مظاہرین ہلاک
جیو نیوز - قاہرہ… مصری دارالحکومت میں نمازجمعہ کے بعد معزول صدر مرسی کے حامیوں کی ریلی میں ہزاروں افرادشریک ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے 3 مظاہرین کو مار دیا۔ دوسری جانب آمریت کے نفاذ کے بعد افریقی یونین نے مصر کی رُکنیت معطل کردی۔فوجی بغاوت کے نتیجے میں سبکدوش ہونے والے محمد مرسی کی حکومت کے حامی بڑی تعداد میں نماز جمعہ کے بعد رابعہ ال عداویہ مسجد کے باہر جمع ہوئے ہیں۔ اخوان المسلمون کی جانب سے مرسی حکومت برطرف کئے جانے پرنمازجمعہ کے بعد کئی شہروں میں پرامن احتجاج کی کال دی گئی تھی۔ مرسی کے حامیوں نے ری پبلیکن گارڈز کے ہیڈکوارٹر کی جانب جانا چاہا جس پرسیکورٹی فورسز نے مظاہرین پرفائرنگ کردی۔ واقعے میں 3 مظاہرین مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ تاہم فوج کے زیراثر مصر کا سرکاری ٹی وی ان ہلاکتوں کی تردید کررہا ہے۔ سابق صدر محمد مرسی کے مخالفین نے بھی فوجی بغاوت کی حمایت میں فوری طورپر ملک بھر میں مظاہروں کی اپیل کردی ہے۔