11 جولائی 2013
وقت اشاعت: 19:54
بھارتی دفاعی بجٹ چند سال میں برطانیہ کو پیچھے چھوڑ دیگا، جینز کی رپورٹ
جیو نیوز - لندن…جنگ نیوز… بھارت کا دفاعی بجٹ آئندہ چند سال کے دوران برطانیہ کے دفاعی بجٹ سے بڑھ جائے گا۔ برطانوی دفاعی ادارے آئی ایچ ایس جینز کی رپورٹ کے مطابق کچھ عرصہ قبل دفاعی بجٹ کا حجم کے حوالے سے برطانیہ دنیا بھرمیں چوتھے نمبر پر تھا تاہم رواں سال روس کے دفاعی بجٹ کا حجم برطانیہ کے دفاعی بجٹ کے حجم سے بڑھ گیا اور2017ء میں بھارت کے دفاعی بجٹ کا حجم بھی برطانوی دفاعی بجٹ کے حجم سے بڑھ جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت دفاعی بجٹ میں اضافے کو اس قدر اہمیت نہیں دیتی جس قدر برطانوی شہری اس سے توقع رکھتے ہیں۔ برطانوی حکومت قرضوں کی ادائیگی کو زیادہ اہمیت دے رہی ہے جبکہ بعض ترقی پذیر ممالک خود کو فوجی طاقت کیلئے مغربی ممالک کے برابر لانے کیلئے دفاعی اخراجات میں مسلسل اضافے کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے برطانوی بجٹ میں دفاع کیلئے 49.3 ارب ڈالر مختص کئے جانے کا امکان ہے جبکہ بھارت46.9 ارب ڈالر مختص کرسکتا ہے تاہم 2017ء میں بھارت اس دوڑ میں آگے نکل جائے گا۔ برطانوی وزارت دفاع نے رپورٹ کے بعض مندرجات سے اختلاف کیا ہے۔