26 جولائی 2013
وقت اشاعت: 16:52
حما س سے روابط ،جیل سے فرار : مرسی پر الزام،گرفتاری ظاہر
جیو نیوز - قاہرہ …مصرمیں فوجی بغاوت کے نتیجے میں برطرف صدر محمد مرسی کو فلسطینی تنظیم حماس سے رابطے رکھنے اور مبینہ طور پر جیل سے بھاگنے کے الزام میں باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اخوان المسلمون نے احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کی کال دیدی۔ مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق قاہرہ میں تفتیشی جج نے محمد مرسی کو تفتیش کے لئے پندرہ دن تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ان پر 2011 میں جیل سے فرار کے لئے حماس کی مدد لینے کا الزام ہے۔ تاہم اخوان المسلمون کا کہنا ہے کہ فرار کے منصوبے میں غیر ملکیوں کی نہیں مقامی لوگوں کی مدد حاصل تھی۔ سرکاری بیان کے مطابق محمد مرسی کی حراست کی مدت میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ تین جولائی کو فوجی بغاوت کے بعد محمد مرسی کے متعلق آنے والا یہ پہلا سرکاری بیان ہے۔