1 اگست 2013
وقت اشاعت: 21:4
یونان:فطرے کی رقم تین یورو فی کس مقرر
جیو نیوز - ایتھنز…سکندرریاض چوہان…یونان میں آباد مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کی رہنمائی کے لیے ایتھنز میں موجود علماء کے اعلان کے مطابق اس سال فطرانہ کی رقم تین یوروفی کس مقرر کی گئی ہے۔ فطرانہ کی رقم نمازعیدالفطر سے قبل اداکرنالازم ہے۔تمام مذہبی،سماجی اورفلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے علمائے کرام کی تجویز اورمذہبی جماعتوں کی رضامندی سے اس سال فطرانہ کی رقم تین یورومقرر کی ہے جس کونمازعیدالفطر سے قبل اداکرنالازم ہے۔فطرانہ کی رقم ہرصاحب نصاب اورصاحب استطاعت پرفرض ۔فطرانہ کی رقم تمام ایسے افراد کودی جاتی ہے جوکہ زکواة کے مستحق ہوں ۔دریں اثناء مرکزحضرت سلطان باہوٹرسٹ یونان میں بسلسلہ شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ خصوصی محفل کااہتمام کیاگیااورروزہ داروں کو افطاری بھی کرائی گئی۔مرکز حضرت سلطان باہوٹرسٹ یونان میں مولائے کائنات فاتح خیبر مولاعلی شیرخداکے یوم شہادت کے حوالے سے ایک خصوصی محفل منعقد کی گئی جس کی صدارت حاجی محمدافضل شام پور نے کی جبکہ محفل میں خصوصی خطاب سابق امیرتحریک منہاج القرآن یونان علامہ شہبازاحمد صدیقی نے کیا۔اس خصوصی محفل میں مہمانان گرامی میں تحریک انصاف یونان کے صدرچوہدری اعجاز احمد،الحاج بشیرشاد،چوہدری موسی ٰخان،الحاج محمدشفیق اعوان،چوہدری اختربدھوال،چوہدری تصوراقبال بدھوال،ماسٹرمحمدالیاس،میاں وقاراحمدلادیاں،محمدانصرسلطانی،چوہدری محمدعتیق،الحاج بشیرشاد،محمدنعیم سلطانی،عمران حیدر،منہاج القرآن کے پریس سیکریٹری مرزاامجد جان اوردیگر نے شرکت کی ۔علاوہ ازیں ایتھنز کے نواحی علاقہ کیریونیری میں دوعمر رسیدہ افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جانوں کوگنوانے والے وقاراحمد اورہمایوں انور کوحکومت یونان اورعوام کی جانب سے ان کے گھروالوں کی بھرپورمدد دینے کے بعدحکومت یونان نے حادثے میں زخمی ہونے والے تیسرے پاکستانی مسعود احمد کوانسانی ہمدردی کی بنیادوں اوران کی خدمات کے عوض قانونی حثیت دیتے ہوئے ان کورہائشی پرمٹ جاری کردیاہے جبکہ ان کوبھی چند ماہ قبل ہمایوں انور اوروقاراحمد کے ساتھ امدادی رقم دی گئی تھی۔