تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
3 اگست 2013
وقت اشاعت: 7:27

جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے تحت افطار ڈنرکا انعقاد

جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے ٹوکیو کی تاریخی ترک مسجد میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپان میں مقیم پاکستانی مسلمانوں کے علاوہ جاپانی مسلمانوں، ترک مسلمانوں اور افریقی مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں خصوصی طور پر نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں جاپان کے معروف نعت خوانوں نے نعت رسول مقبول ﷺْ پیش کی۔ رمضان المبارک کے دوران جمعة الوداع کے موقع پر ہونے والی یہ تقریب جاپان میں رمضان المبارک کے دوران ہونے والی یادگار تقاریب میں سے ایک تھی جس میں اسلامی ہم آہنگی کے سبق کا منہ بولتا مظاہرہ بھی دیکھنے میں آیا جہاں غیر مسلم جاپانی شہریوں کو بھی افطار میں خصوصی طور پر شریک کیا گیا۔ اس موقع پر جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر چوہدری شاہد رضا نے کہا کہ آج کی اس تقریب کا اہتمام تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور جاپانی شہریوں کو بھی اسلام کی تعلیمات سے آشنا کرانا تھا۔ تقریب میں جاپان کی سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے رہنماوٴں کے علاوہ اسلامک سرکل آف جاپان کے محمد اعجاز، تحریک منہاج القرآن جاپان کے صدر انعام الحق، مسلم لیگ ن جاپان کے رہنما راجہ صابر، پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں، سینئر نائب صدر رانا عامر، سینئر کالم نگار حسین خان، طیب خان، معروف شاعر مشتاق قریشی، معروف نعت خواں معاذ ٹیپو، معروف سماجی شخصیت، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے سابق صدر چوہدری آصف اور عبدالرحیم آرائیں سمیت چار سو افراد نے شرکت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.