7 اگست 2013
وقت اشاعت: 9:43
دہشت گردی:مغربی میڈ یا نے امریکی پالیسی کو آڑے ہاتھوں لیا
جیو نیوز - لندن/نیویارک…پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور خطے میں القاعدہ کی دھمکیوں اور دوبارہ اثر انداز ہونے کی کوششوں پر مغربی میڈ یا نے امریکی پالیسی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، فارن پالیسی لکھتاہے کہ ابھی بھی امریکا دہشت گردی کو غلط طریقے سے ہینڈل کررہا ہے، جبکہ برطانوی اخبار گارجین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے حکومت پاکستان کو دفاعی پوز یشن پر دھکیل دیا ہے امریکی جریدے فارن پالیسی نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے امریکی حکمت عملی کو ناکارہ قرار دے دیا ہے ، جریدے نے لکھا ہے کہ جیلوں کے توڑے جانے ، امریکی سفارتخانوں کے بند کرنے ، اور القاعدہ کی واپسی سے نظر آتا ہے کہ ابھی تک امریکا دہشت گردی کو غلط طریقے سے ہینڈل کررہا ہے ۔فارن پالیسی کے مطابق ہر گزرتے دن یہ احساس بڑھتا جارہاہے کہ امریکا کو درپیش بڑے خطرات کی وجہ اپنی غلط ترجیحات اور غلط اندازے ہیں۔اس کے ساتھ فارن پالیسی نے خطے میں امریکا کی کمزور گرفت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے مزید جہادی جمع ہورہے ہیں ، اور انہی وجوہات کی بنا پر شام میں ایک نئی انتہا پسند تنظیم النصرا بھی وجود میں آگئی ہے ، اس کے علاوہ جیلوں کے توڑے جانے کے واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے جن میں یمن سے القاعدہ کے ماسٹر مائنڈ کا فرار ، ابو غریب جیل سے قیدیوں کا فرار ، پاکستان کی ڈیرہ اسماعیل خان جیل سے قیدیوں کافرار، اور بن غازی جیل سے قیدیوں کا فرار ، مجموعی طورپر تین جیلوں سے دو ہزار انتہا پسند فرار ہوئے ۔دوسری طرف پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو جوڑتے ہوئے برطانوی اخبار گارجین پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر نے حکومت کو دفاعی پوز یشن پر دھکیل دیا ہے ، گارجین نے ڈیرہ میں جیل توڑے جانے ، چلاس میں آرمی آفیشلز کی ہلاکت ، بلوچستان میں گیارہ افراد کو چن کر مارے جانے اور کراچی میں گذشتہ رات فٹبال گراوٴنڈ میں بم حملے کاحوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ دارلحکومت اسلام آباد میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عید کی چھٹیوں پر کوئی مزید ممکنہ دہشت گردی ہوسکتی ہے ۔اخبار نے سیکیورٹی تجزیہ کار حوالے سے کہاہے کہ نواز شریف کی سربراہی میں قائم ہونے والی نئی حکومت کو ایک ساتھ کئی کرائسز کاسامنا ہے ۔جبکہ انتخابات کے بعد کئی ایک آبزور کی رائے تھی کہ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی ، تجز یہ کار کی رائے کے مطابق نواز شریف کو ایسی صورتحال میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کو ملی ہے جب ہر طرف سے مختلف نوعیت کی کارروائیاں ہورہی ہیں۔