19 اگست 2013
وقت اشاعت: 9:34
مصر :ہلاکتوں کی تعدادایک ہزار سے تجاوز،اخوان مظاہرے بند کرنے پر مجبور
جیو نیوز - قاہرہ…مصر میں سیکڑوں افراد کی جان لینے کے بعد بھی فوجی پیچھے نہ ہٹے، گزشتہ روز بھی 79 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیاگیا، اخوان المسلمون نے مجبور ہوکرملک میں مزید مظاہرے منسوخ کردیئے ہیں۔مصر میں اپنے ہی عوام پر فوج کشی کے 5 دن میں ،ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار ہوچکی ہے۔کئی ہزار زخمی ہیں جن میں بہت سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔مساجد ،مردہ خانوں میں بدل گئیں۔نشانے بازوں نے تاک تاک کر مظاہرین کوہلاک کیا۔نہتے شہریوں پر ٹینک چڑھادئیے گئے۔اتنا سب کچھ ہوگیا، لیکن نہ مارنے والے تھکے۔ نہ ہی ان کی بندوقیں خاموش ہوئیں۔آج بھی مصری مظاہرین کے خلاف فوجی جارحیت جاری ہے۔لیکن مرسی کے حامی دفاعی انداز اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے۔گزشتہ روزاخوان المسلمون کے 42 رہنماوٴں کو گرفتار کرلیا گیا۔مصر میں اس قتل عام پر اس کے ساتھ تعلقات رکھنے ہیں یا نہیں؟غور کیلئے یورپی یونین کا ہنگامی اجلاس آج ہورہا ہے۔اجلاس میں 6.7ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کو جاری رکھنے یا منقطع کرنے پر بھی غورہوگا۔تاہم دوسری جانب امریکا کی ڈیڑھ ارب،سعودی عرب کی 5 ارب، کویت کی 4 ارب اور متحدہ عرب امارات کی 3 ارب ڈالر کی امداد کے پیکیجز مصر کیلئے بدستور موجود ہیں۔