23 اگست 2013
وقت اشاعت: 22:52
جنوبی فلوریڈا میں پاکستانی نژاد امام مسجد کو 25سال قید کی سزا
جیو نیوز - فلوریڈا…امریکا کی ریاست فلوریڈا کی ایک عدالت نے پاکستانی نژاد امام مسجد کو طالبان کو مالی مدد فراہم کرنے کے الزام میں 25 سال قیدکی سزاسنادی۔ جنوبی فلوریڈا کی عدالت نے میامی میں مقیم پاکستانی نژاد امام مسجد 78 سالہ حافظ محمد شیرعلی کورواں برس مارچ میں دہشت گردوں کی مدد کرنے پر4 الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔ حافظ شیر علی پر الزام تھا کہ انھوں نے تین سال کے عرصے میں 50 ہزار ڈالر جمع کرکے پاکستانی طالبان کو بھیجے۔ امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق یہ رقم پاکستانی اورامریکی اہداف کونشانہ بنانے کیلئے استعمال کی گئی تاہم شیرعلی خان کا موقف تھا کہ یہ رقم انھوں نے اپنے خاندان، دوست احباب کے علاوہ ایک مدرسے کو بطورامداد بھیجی تھی۔