29 اگست 2013
وقت اشاعت: 16:12
کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھر پور دفاع کریں گے،بشارالاسد
جیو نیوز - دمشق … شام کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھر پور دفاع کیا جائے گا۔ مغربی ممالک کی طرف سے حملے کی دھمکیوں کے بعد اپنا پہلا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شام کے صدر بشار الاسد کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دمشق کے خلاف فوجی جارحیت کے جواب میں شامی حکومت اپنا بھرپوردفاع کرے گی، ملک کی آزادی ان کی ذمے داری ہے جسے وہ نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں خانہ جنگی کے ذمے دار اسرائیل اور مغربی ممالک ہیں جو خطے کا امن تباہ کرنے کیلئے مقامی لوگوں کو استعمال کررہے ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ شام میں زہریلی گیس کی تحقیقات کرنے والی اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم اپنا مشن مکمل کر کے ہفتے کو شام سے واپس چلی جائے گی۔