تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
2 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 22:6

کیمیائی حملوں کا الزام غیر منطقی بات ہے: بشار الاسد

جیو نیوز - واشنگٹن… شام کی صورت حال پر امریکا اور روس آمنے سامنے آگئے ہیں، دونوں ملکوں کے بحری جنگی جہاز بحیرہ روم میں شام کی جانب گامزن ہیں، دوسری جانب صدر بشار الاسد نے فرانس کو خبر دار کیا ہے کہ اگر ان کے ملک پر حملہ کیا گیا تو فرانس دشمن ملک بن جائے گا۔ فرانس نے شام میں کیمیائی حملے سے متعلق اپنی انٹیلی جنس رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدربشارالاسد کے حامی فوجیوں نے21اگست کوبڑے پیمانے پرطے شدہ اندازمیں کیمیائی حملہ کیا۔اس حملے میں 281افرادہلاک ہوئے۔ کیمیائی حملے کی وجہ سے فرانس اور عالمی سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ فرانسیسی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرانس شام پر تنہا حملہ نہیں کرے گا۔ شام کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے فرانس اتحادیوں کو یکجا کرناچاہتا ہے۔ادھر شامی صدر بشار الاسد نے فرانسیسی اخبارسے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فرانس کا شام کی حکومت پر کیمیائی حملوں کا الزام غیر منطقی بات ہے اور شام میں فرانس کی فوجی مداخلت سے فرانس دشمن ملک بن جائے گا۔شام پر مغربی ممالک کے حملے سے علاقائی جنگ شروع ہونے کا خدشہ بڑھ جائے گا، ادھر امریکا نے شام پر حملے کی تیاریوں کے سلسلے میں جنگی بحری جہاز نمیٹیز بحیرہ احمرمیں پہنچا دیا ہے۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے جنگی جہازوں میں سے ایک ہے جس پر 85 لڑاکا طیاروں کی گنجائش ہے۔ بحیرہ احمر میں امریکا کے 4جنگی جہاز پہلے سے موجود ہیں۔ یہ تمام جہاز ان 5 امریکی جنگی جہازوں کے علاوہ ہیں جو بحیرہ روم میں شام کی سرحد کے نزدیک موجودہیں۔ دوسری جانب روس نے بھی بحیرہ اسود سے اپنا بحری جاسوس جہاز شام کے ساحل پر پہنچا دیا ہے۔ اس سے پہلے روس اپنا جنگی بحری جہاز اور آب دوز شکن جہازاس علاقے میں تعینات کرچکا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.