13 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 12:57
دہلی اجتماعی زیادتی کیس، چاروں ملزموں کو سزائے موت
جیو نیوز - دہلی…بھارتی عدالت نے دہلی اجتماعی زیادتی کیس میں چاروں ملزموں کو سزائے موت سنادی ہے۔ جج نے فیصلے میں کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں۔ ایسے مکروہ واقعات پر عدالت اپنی آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔دہلی میں فاسٹ ٹریک کورٹ نے ملزمان مکیش سنگھ ، ونے شرما ، اکشے ٹھاکر اور پون گپتا کو سزائے موت سنائی تو کورٹ روم کے اندر عدالت کی تعریف میں شور مچ گیا۔ زیادتی کا نشانہ بننے والی مقتول لڑکی کے والدین نے سزا پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ سزا سننے کے بعد ملزمان خوف زدہ ہوگئے اور رونے لگے۔ نئی دہلی میں 16 دسمبر کو 6 ملزموں نے چلتی بس میں ایک طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں سڑک پر پھینک دیا تھا۔ زخمی طالبہ 12 دن بعد سنگا پور کے اسپتال میں ہلاک ہوگئی تھی۔ 6 میں سے ایک ملزم نے جیل میں خودکشی کرلی تھی جبکہ ایک نابالغ ملزم کو پہلے ہی تین سال کی سزا سناکر اصلاحی مرکز بھیج دیا گیا ہے۔