14 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 8:31
کراچی والے روزانہ 83 کروڑروپے کالے بجٹ کی نذر کرنے پرمجبور
جیو نیوز - کراچی…کراچی میں یو میہ 83 کروڑ روپے کے” کالے بجٹ“کی تحقیقاتی رپورٹ جیو نیوز پر نشر ہونے کے بعد دومعصوم بچیوں نے متعلقہ حکام کی اس جانب توجہ مبذول کرانے کی مہم شروع کردی ہے۔ بچیاں کس کس در پر گئیں اور انہوں نے ارباب اختیار سے فریاد کی۔ کراچی کے حالات سے کون آگاہ نہیں ،شہریوں کے مسائل کس سے چْھپے ہیں ،یہاں ہر روزسرکاری اور غیر سرکاری غنڈہ عناصرعوام کا بے دردی سے خون نچوڑ تے ہیں ۔بھتا،اغواء،قبضہ ،منشیات فروشی ،جوئے کے اڈے اوراسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہی نہیں بعض ایسی مافیاز بھی ہیں جو کسی کھاتے میں بھی نہیں اور شہر سے روز کروڑوں روپے بٹورتی ہیں۔پولیس گردی اور پولیس افسران کی نیلامی بھی83کروڑ روپے کے کالے بجٹ میں شامل ہے۔ سروے ، رائے عامہ،سیاستدانوں کے مشاہدات ،سابق جج صاحبان، سابق اعلیٰ پولیس حکام سمیت سول اور ملٹری بیورو کریسی کے ریٹائرڈ افسران کی آراء پر مبنی آنکھیں کھول دینے والی جیو نیوز کی تحقیقاتی کاوش ”کالے بجٹ “کوہرعمر کے افراد نے سراہا،سیاستدانوں نے تائید بھی کی اورزبان خلق نقارہ خدا بنی۔لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ،،توکراچی کی دو معصوم بچیوں نے ارباب اختیار کو جھنجوڑ نے کا بیڑہ اٹھایا۔رْخ کیاگورنر اور وزیراعلیٰ ہاوٴس کا۔۔اورآئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کے دفاتر کا۔پیش کئے انہیں پھول اورخواہش ظاہر کی شہر قائد کے گلستاں کو شاد آباد کرنے کی۔جواب بھی حوصلہ افزاء ملے۔کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کی خواہش مند بچیاں مطمئن ہیں،ان کی فریاد ہے تو اس دھرتی پر امن اور بدعنوانی کے خاتمے کی اور ان کی نگاہیں سوال کرتی ہیں تو ہر اس شخص سے جسے” کالے بجٹ “نے ڈسا ہے اور وہ خاموش ہے۔