16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 18:55
امریکی بحریہ کے ہیڈکوارٹر پر مسلح افراد کادھاوا،8افراد ہلاک، متعددزخمی
جیو نیوز - واشنگٹن …واشنگٹن میں امریکی بحریہ کے ہیڈ کوارٹر پر مسلح حملہ آوروں نے دھاوا بول دیا،واقعے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،حملہ آور کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق مقامی وقت ساڑھے 8 بجے کے قریب بحریہ ہیڈکوارٹر میں فائرنگ سنائی دی۔واقعے کے بعد عمارت میں موجود تمام افراد کو اندر رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔پولیس نے فوری طورپر کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔پولیس کی مدد کے لیے انسداد دہشت گردی ٹیم کے علاوہ ایف بی آئی نے بھی اس کارروائی میں حصہ لیا۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایک حملہ آور نے فوجی وردی پہنی ہوئی تھی جبکہ ایک نے سیاہ رنگ کا لباس پہناہوا تھا۔فوری طور پر واقعے کی وجوہات کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بحریہ ہیڈکوارٹرکے قریب بولنگ ایئربیس پربھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔