30 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 13:48
موہن سنگھ کا کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ میں بیان حقائق کے منافی ہے، علی رضا سید
جیو نیوز - پیرس … رضا چوہدری /نمائندہ جنگ … کشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسیدنے کہاہے کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیرپر بیان حقائق کے منافی ہے ، کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں، متنازع علاقہ ہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یونے جنگ سے گفتگو میں کہاکہ بھارتی وزیراعظم نے کشمیرکو بھارت کا اٹوٹ انگ کہہ کر حقیقت سے روگردانی کی ہے ، کشمیرایک متنازع علاقہ ہے اور ہر گزبھارت کا حصہ نہیں، بھارتی وزیراعظم نے اس طرح کا بیان دے کر تاریخی حقائق چھپانے کی کوشش کی ہے۔ علی رضاسید نے یاددلایاکہ 1948ء میں اس وقت کے بھارتی وزیراعظم جواہر لال نہرو مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گئے تھے ، اور کشمیریوں سے حق خود ارادیت دینے کا وعدی کیا، من موہن سنگھ کو وہ وعدہ نہیں بھولنا چاہئے، بھارت نے کشمیریوں کو ان کا حق دینے کے بجائے ان کی سرزمین پر قبضہ برقرار رکھا ہواہے اور مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل میں روکاٹ بناہواہے۔ کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاکہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیرکی حقیقت کو سمجھنا چاہئے کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مصمم ہیں کہ حق خودارادیت کے حصول تک ان کی پرامن جدوجہدجاری رہے گی، بھارت ظالمانہ ہتھکنڈے اختیارکرکے تحریک آزادی کشمیر کو دبانہیں سکتا۔ علی رضاسید نے پاکستانی وزیراعظم محمد نوازشریف کی جانب سے مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھائے جانے کو سراہا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ تین فریقی مذاکرات بشمول پاکستان ، بھارت اور کشمیری کے ذریعے اس مسئلے کا مناسب حل تلاش کیاجاسکتاہے۔