9 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 12:54
اسرائیل، اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کا دوسرا بڑا ملک بن گیا، رپورٹ
جیو نیوز - کراچی…اسرائیل نے صرف ایک کام کیا ، ایلیمنٹری اساتذہ کی تنخواہیں بڑھائیں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے لحاظ دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا، سالانہ ایجوکیشن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی 46 فیصد آبادی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور کینیڈا کے بعد اسرائیل دنیا بھر میں دوسرا ملک ہے جہاں اتنی بڑی تعداد میں لوگ تعلیم یافتہ ہیں ۔ یہ رپورٹ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ نے جاری کی ہے ۔ ادارے کی دو ہزار بارہ کے لئے تعلیم کے میدان میں جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں 25 سال سے 64 سال کی عمر کے لوگوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کا تناسب دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہ رپورٹ تنظیم کے 34 ممبر ملکوں کے سروے سے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کایہ نتیجہ 2008ء میں نافذ ہونے والی تعلیمی اصلاحات کا سبب ہیں، جن میں اساتذہ کی تنخواہیں، تعلیمی ڈھانچا اور روزگار کی شرائط میں تبدیلیاں کی گئی تھیں ۔ اس میں خاص طور پر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی تنخواہیں بڑھانے کا اہم کردار ہے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسرائیل میں اساتذہ کی تنخواہیں او ای سی ڈی کے رکن ممالک کے مقابلے میں اب بھی کم ہیں۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں دو ہزار تین میں گریجویشن کرنے والے طلبہ کی شرح89 فیصد تھی جو 2010ء میں بڑھ کر 92فیصد ہوگئی۔