12 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 8:32
12 اکتوبر :منظر بدل گیا، نواز شریف اقتدارمیں، پرویزمشرف قید میں
جیو نیوز - اسلام آباد…بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے، ایک وقت تھا کہ جنرل مشرف کی حکومت تھی اور نواز شریف قید میں تھے، آج نواز شریف کی حکومت ہے اور پرویز مشرف قید میں ہیں، یہ دونوں منظر آج کی تاریخ یعنی بارہ اکتوبر نے دیکھے ہیں ۔بارہ اکتوبر انیس سو نناوے، اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے اسی دن نواز شریف حکومت کا دھڑن تختہ کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کیا اور منتخب وزیراعظم نواز شریف کو قید کردیا، جنرل مشرف بلاشرکت غیرے اقتدار کے مالک بن بیٹھے، تین سال تک ملک کے چیف ایگزیکٹو رہنے کے مزے اڑاے ، نواز شریف کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، مشرف صدر مملکت بن گئے، اسی دوران شریف خاندان کو ایک معاہدے کے تحت سعودی عرب بھجوادیا گیا جس میں مبینہ طورپر شریف خاندان کے لیے دس سال تک جلاوطن رہنے کی شرط عائد تھی، دوہزار آٹھ کے انتخابات سے پہلے مشرف حکومت نے شریف خاندان کو پاکستان آکر الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی، اس ا لیکشن میں ن لیگ حکومت نہ بناسکی اور پیپلز پارٹی اقتدار سنبھالنے میں کامیاب ہوئی جس کے بعد آصف علی زرداری نے مواخذے کی دھمکی دیتے ہوئے صدر مشرف کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا، آرمی چیف کے بعد صدارت کا عہدہ بھی چھن گیا اور مشرف نے وطن سے روانہ ہونے میں ہی عافیت سمجھی، دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے مشرف وطن واپس آئے، لیکن انہیں گرفتار کرلیا گیا، ان انتخابات میں ن لیگ کامیاب ہوئے اقتدار کا ہما ایک بار پھر نواز شریف کے سر بیٹھا، چودہ سال کے عرصے میں یہ تبدیلی آئی کہ 12 اکتوبر 1999 کو مشرف اقتدار میں اور نواز شریف جیل میں تھے۔ 12 اکتوبر 2013 کو نواز شریف اقتدار میں مشرف قید میں ہیں۔