13 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 2:58
امریکا نادہندہ ہوگیا توخطرناک نتائج برآمد ہوں گے، عالمی بینک
جیو نیوز - واشنگٹن…قرض کی حد میں اضافے پرامریکی کانگریس میں اتفاق نہ ہوسکا، ادھرعالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ امریکا بجٹ اورقرضوں کی ادائیگی کے بحران کے باعث خطرناک صورتحال کی طرف جارہاہے۔ بحران کو نہیں روکا گیا تو ترقی پذیر ممالک پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ واشنگٹن میں عالمی بینک اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے اجلاس کے اختتام پر ورلڈ بینک کے سربراہ جم یونگ کم نے کہا کہ امریکا میں قرضوں کی ادائیگی کے بحران نے امریکی اور عالمی معیشت کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔ امریکا میں 16.7 کھرب ڈالر قرضے کی ادائیگی کی ڈیڈلائن 5 دن بعدختم ہورہی ہے۔ اس عرصے میں قرض کی حد کے اختیارات میں اضافہ نہ کیا گیا تو امریکا نادہندہ بھی ہوسکتا ہے۔ عالمی بینک کے سربراہ نے اس صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نادہندہ قرار پایا تو یہ ترقی پذیر ممالک ہی نہیں بلکہ ترقی یافتہ معیشتوں کے لیے بھی تباہ کن ہوسکتا ہے۔