تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
14 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 12:16

برطانیہ کا چینی شہریوں کیلئے ویزا قوانین میں نرمی کا اعلان

جیو نیوز - لند ن ‘ بیجنگ…برطانوی حکومت نے چین کے شہریوں کے لیے ویزا قوانین میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا ۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق بر طا نو ی حکو مت کے ایک سینئر اہلکار جارج اوسبورن نے کہا ہے کہ برطانوی چانسلر یورپ آنے والے چینیوں کے لیے برطانیہ آنے میں آسانی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔جارج اوسبورن کی سربراہی میں برطانوی تجارتی وفد ایک ہفتے کے لیے چین کے دورے پر ہے۔اس دورے میں برطانوی وفد چینی سرمایہ کاروں کو برطانیہ میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔اس نئے منصوبے کے تحت چین سے یورپی ممالک کا سفر کرنے والے اگر مقررکردہ ایجنٹوں کے ذریعے بکنگ کرواتے ہیں تو انہیں برطانیہ میں داخلے کے لیے علیحدہ ویزا درخواست جمع نہیں کرانی پڑے گی۔ جارج اوسبورن نے کہا کہ فیصلے کا مقصد برطانیہ آنے والوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ’ان تبدیلیوں سے برطانیہ آنے والے چینیوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کا عمل آسان ہو جائے گا جبکہ اس نظام کی مضبوطی اور حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے‘۔موجودہ قانون کے تحت ایک ہی ویزے پر یورپ کے بیشر ممالک کا دورہ کیا جا سکتا ہے جبکہ برطانیہ کے لیے علیحدہ ویزے کی ضرورت ہوتی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اضافی کاغذی کارروائی کی وجہ سے زیادہ تر چینی یورپی ممالک بشمولِ برطانیہ کے دورے سے کتراتے ہیں۔ برطانوی حکام کے مطابق بیجنگ اور شنگھائی میں جاری موبائل ویزا اسکیم کو بھی بڑھایا جائے گا۔ موبائل سروس کے تحت سرکاری اہلکار درخواست گزار کے پاس جا کر ان سے معلومات اور بائیومیٹرک ڈیٹا اکھٹا کرتے ہیں۔ اس عمل پر پانچ منٹ سے بھی کم وقت لگتا ہے۔آئندہ موسمِ گرما سے ’انتہائی ترجیحی‘ بنیادوں پر ویزا کی 24 گھنٹے سروس کا بھی آغاز کیا جائے گا تاہم اس بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں لیکن اس قسم کی اسکیم بھارت میں چل رہی ہے۔ برطانوی تاجر جو چینی سیاحوں کی آمد سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، اس فیصلے سے خوش ہونگے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال دو لاکھ دس ہزار چینیوں کو ویزے جاری کیے گئے جنہوں نے ملک کی معیشت میں 300 ملین پاوٴنڈ کا حصہ ڈالا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.