21 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 10:31
وکیل نعمت اللہ رندھاواکی نعش کا دوبارہ پوسٹمارٹم کرنے کیلئے قبر کشائی
جیو نیوز - کراچی …افضل ندیم ڈوگر…کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں قتل کئے گئے معروف وکیل نعمت علی رندھاوا کا پوسٹ مارٹم دوبارہ کرنے کے لئے آج قبر کشائی کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق جیو نیوز کے رپورٹ ولی خان بابر قتل کیس کے نئے وکیل نعمت علی رندھاوا کو 26 ستمبر کو نارتھ ناظم آباد میں کار پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ حملے میں ان کا بیٹا زخمی ہوا۔ نعمت علی رندھاوا کا پوسٹمارٹم عباسی شہید اسپتال میں کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ایم ایل او اور دیگر ڈاکٹرز کی رپورٹ میں تضاد تھا۔ جس پر عدالتی حکم پر لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے گیارہ اکتوبر کو قبرکشائی کی جارہی تھی کہ اہل خانہ نے پاپوش نگر قبرستان پہنچ کر اعتراض کیا، جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے قبر کشائی رکوا دی۔ عدالت نے 22 اکتوبر تک کا حکم امتناعی جاری کیا۔ تاہم سرکار کی اپیل پر گذشتہ روز ہائی کورٹ نے حکم امتناعی ختم کرتے ہوئے قبرکشائی کی اجازت دی تھی جس پر آج میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں قبرکشائی کی جارہی ہے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موجود ہیں۔ رینجرز اہلکاروں نے میڈیا کی ٹیم کو قبرستان کے اندر جانے سے روک دیا ہے۔