24 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 17:8
چین اوربھارت کو سرحدی تنازعات کا فوری حل نکالنا چاہیئے،منموہن سنگھ
جیو نیوز - بیجنگ…بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ چین اوربھارت کو مل کر سرحدی تنازعات کا فوری حل نکالنا چاہیے اور دنوں ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام بھی کرنا چاہیے۔ ایک طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اہم اتحادی امریکا اور پاکستان سر جوڑے بیٹھے تھے، تو دوسری جانب چین اور بھارت بھی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش میں نظر آئے، بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ ان دونوں چین کے دورے پر ہیں۔ دورے میں سرحدی تنازعات کا تاریخی معاہدہ بھی طے پایا جبکہ دفاع اور تجارت سمیت کئی اہم معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔ بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے۔ چین اور بھارت کے درمیان 1962ء میں جنگ ہوچکی ہے جبکہ اس سال اپریل میں بھی سرحدی تنازع پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تین ہفتوں تک کشیدگی رہی تھی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید ہے۔