30 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 8:34
ڈیلس:پولیس شیرف نے مسلمان عمائدین شہر کے ہمراہ سالگرہ منائی
جیو نیوز - ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… ڈیلس کاؤنٹی کی پولیس شیرف لوپے والیداس نے کہا ہے کہ ڈیلس کاؤنٹی کی جیل میں مسلمان قیدیوں کو انہوں نے حلال کھانا فراہم کرنے اور مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان المبارک میں مسلمان قیدیوں کو سحر و افطار کی سہولیات فراہم کی ہیں ،یہ بات انہوں نے یہاں آرلنگٹن میں امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس امریکا کے صدر سید فیاض حسن کی رہائشگاہ پر منعقدہ اپنی 66 ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر مسلم عمائدین شہر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ڈیلس کاؤنٹی کی آبادی امریکہ میں موجود 52 ریاستوں میں سے موجود 11 ریاستوں کی آبادی سے بھی زائد تاہم ان کے محکمہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ڈیلس کاؤنٹی میں مقیم باشندوں کو قانون پر عملدرآمد کرانے کے سلسلہ میں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کا مشن ہے کہ امن و امان کے حصول کیلئے ان کے محکمہ کے 2600 ملازمین بلاامتیاز و تفریق شہریوں کی خدمت کریں اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ذریعے اس بات کو ثابت کریں کہ وہ اپنے اس مشن پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ڈیلس کاؤنٹی کی جیل میں قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کمشنر ڈیلس کاؤنٹی اور پارک لینڈ اسپتال کی مدد سے میڈیکل سہولیات جیل میں فراہم کرنے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے تاکہ ڈیلس کاؤنٹی کے تمام شہریوں کو بلاخطر امن و امان کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 3 بار اس عہدہ کیلئے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئیں جس کے دوران انہوں نے 400 سے زائد ڈٹینشن آفیسرز کی جاب (نوکریاں) شہریوں کو فراہم کیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی اس اسامی کیلئے ان کے پاس کافی نوکریاں موجود ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ملازمت کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے یہ ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ مسلمان کمیونٹی کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس نوکری کو حاصل کریں۔ انہوں نے یہاں موجود کمیونٹی رہنماء غلام جہانگڑا کی اپیل پر عنقریب مکہ مسجد گارلینڈ میں جاب فیئر لگانے کا بھی وعدہ کیا تاکہ ان کے محکمہ کے ریکروٹر نوجوانوں کو جاب حاصل کرنے کا طریقہ بتا سکیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈیلس کاؤنٹی کی جیلوں میں انسانی حقوق کا خاطر خواہ خیال رکھا جاتا ہے اور اگر کسی جیلر کی جانب سے قیدیوں کے ساتھ زیادتی کا کوئی واقعہ رونما ہو بھی جائے تو اس کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی 66 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ سالگرہ کی اس تقریب میں میزبان سید فیاض حسن‘ مسلم کمیونٹی کے عمائدین آفتاب صدیقی‘ غلام جہانگڑا‘ حادی جواد‘ طارق جعفری‘ سراج بٹ‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ بھی موجود تھے جنہوں نے پولیس شیرف کو ان کی 66 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر عشائیہ کا انتظام بھی کیا گیا ۔