31 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 4:57
امریکی نہیں روسی صدر دنیا کے با اثر ترین شخص
جیو نیوز - نیویارک…مشہور بین الاقوامی جریدے فوربز نے دنیا کے طاقتور ترین افراد کی فہرست جاری کر دی ہے، اس فہرست میں کئی نام ایسے آئے ہیں جو کئی لوگوں کے لیے باعث ِ حیرت ہیں۔مشہور جریدے فوربز نے روسی صدر ولادی میر پوٹن کو دنیا کا طاقت ور ترین شخص قرار دیا ہے۔ یوں پوٹن نے یہ اعزاز امریکی صدر اوباما سے چھین لیا ہے جو پچھلے سال دنیا کی طاقت ور ترین شخصیت قرار پائے تھے۔ اوباما اب بھی دوسرے طاقت ور ترین شخص ہیں۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل شی جِن پنگ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پوپ فرانسس نے چوتھا اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے پانچواں نمبر حاصل کیا ہے۔ انجیلا مرکل دنیا کی طاقت ور ترین خاتون بھی قرار دی گئی ہیں۔ مائیکروسوفٹ کے سربراہ بل گیٹس دنیا کے چھٹے طاقت ور ترین شخص ہیں۔ سعودی شاہ عبداللہ کا نمبر آٹھواں ہے۔ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کو 21 واں نمبر ملا ہے جب کہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای 23 ویں نمبر پر ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون 32 ویں نمبر پر ہیں۔ فہرست میں طاقت ور نوجوانوں کا بھی ذکر ہے۔ فیس بک کے بانی انتیس سالہ مارک زکربرگ دنیا کے طاقت ور ترین نوجوان ہیں۔ پچھلے سال جنرل اشفاق پرویز کیانی کو دنیا کی 28ویں طاقت ور ترین شخصیت قرار دیا گیا تھا لیکن اس سال ان سمیت کسی پاکستانی کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔