2 نومبر 2013
وقت اشاعت: 10:7
ٹوکیو:کشمیر کی آزادی تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،مرزا خلیل بیگ
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…کشمیر کونسل جاپان کے چیئرمین مرزا خلیل بیگ نے بھارت کی جانب سے 27اکتوبر کو کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی بربریت اور ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 1846ء میں انگریزوں نے ریاست جموں وکشمیر کو 57لاکھ روپوں کے عوض ڈوگرہ راجہ گلاب سنگھ کے ہاتھوں فروخت کیا جبکہ کشمیر کی آبادی 80فیصد مسلمانوں پر مشتمل ہے، ہندو راجہ نے بزور شمشیر مسلمانوں کو غلام بنائے رکھا، تقسیم ہند کے بعد ہندو مہاراجہ ہری سنگھ نے مسلمانوں کی مرضی کے خلاف 26اکتوبر 1947ء کو بھارت کے ساتھ ریاست سے الحاق کا اعلان کردیا، اس کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت میں جنگ کا آغاز ہوگیا، سلامتی کونسل کی مداخلت پر یکم جنوری 1949ء کو جنگ بند ہوگئی،سلامتی کونسل نے 1948ء میں منظور شدہ قراردادوں میں بھارت اور پاکستان کو کشمیر سے افواج نکالنے اور وادی میں رائے شماری کروانے کیلئے کہا۔ بھارتی وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو سے رائے شماری کروانے کا وعدہ کرلیا مگر بعد ازاں اس سے منحرف ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت سے آزاد کرائے گئے علاقے میں آزاد کشمیر کی ریاست قائم کردی، 64برس گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر پر کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا، کشمیر کا علاقہ جو بلند وخوبصورت اور جنت نظیر وادیوں پر مشتمل ہے، مرد، عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کے لہو سے جنت نظیر کی بجائے وادیٴ خون بنا ہوا ہے، کتنی ماؤں کی گود اجڑ چکی، کتنی بیٹیوں کے سہاگ، کتنے بچوں کے والدین اور کتنی بہنوں کے بھائی ان سے جدا ہوئے اور کتنے برسوں سے مذاکرات کا ہی دور چلتا آرہا ہے۔مرزا خلیل بیگ نے کہا کہ آج کے دور کی سُپر پاورز خاموش تماشائی بنی ہوئی آزاد کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل کو حل نہ کرکے دنیا کا امن بحال نہ کرنے کی بدترین سازش کر کے کشمیر و فلسطین کے مسائل کو مسلمانوں کے خون سے رنگنا چاہتی ہیں مگر ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں اور کشمیریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ حق کی خاطر اٹھ کھڑے ہوں اور سب مل کراپنی صفوں میں سے غداروں کو باہر نکالیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی تک کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔