تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
2 نومبر 2013
وقت اشاعت: 11:11

ڈیلس:مزاکو انٹرٹینمنٹ کی ہیلوین پارٹی ،سیکڑوں افراد کی کاسٹیوم میں شرکت

جیو نیوز - ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ…پوری دنیا کی طرح امریکا میں بھی ہیلوین کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں گھروں اور عمارتوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا جبکہ اس موقع پر بچوں اور بڑوں نے رنگ برنگے لباس زیب تن کئے اور نت نئے خوفناک کاسٹیوم پہن کر ہیلوین کا بھرپور مزہ لیا۔ چھوٹے بچوں نے رات کے وقت خصوصی لباس اور خوفناک کاسٹیوم پہن کر اپنے اپنے محلے کی گلیوں اور شاہراہوں پر ٹک اینڈ ٹریٹ کے ذریعے ایک دوسرے کو ڈرایا اور ڈھیروں کینڈیاں جمع کیں۔ دوسری جانب امریکا میں مقیم ساوٴتھ ایشین ممالک کے باشندوں اور ان کے اہل خانہ نے بھی اس تہوار کے ذریعے جی بھر کر انجوائے کیا۔ ہندو برادری کے افراد نے اس تہوار کے ہمراہ دیوالی کا تہوار بھی منایا جبکہ کئی مقامات پر ہیلوین کے ساتھ ساتھ دیوالی ہیلوین کی مشترکہ پارٹیاں بھی منعقد کی گئیں۔ ہیلوین کی سب سے بڑی دیسی پارٹی ارونگ شہر کے ڈاوٴن ٹاوٴن میں واقع ایک ہوٹل میں منعقد کی گئی جس کا اہتمام مزاکو انٹرٹینمنٹ کی جانب سے کیا گیا تھا جہاں پر آنے والے شائقین کا مزاکو انٹرٹینمنٹ کے رہنماؤں ہری اچاریہ، پرشان اسکیا، سباچ تھاپا، سباچ مک تان نے خیرمقدم کیا اور آنے والے افراد میں کاسٹیوم تقسیم کئے جبکہ مذکورہ ہیلوین پارٹی میں آنے والے دیسی لڑکے اور لڑکیاں اپنے اپنے گھروں سے خصوصی طور پر ڈراؤنے اور خوفناک لباس زیب تن کر کے یہاں پہنچے اور رات گئے تک پارٹی میں بھرپور طور پر انجوائے کرتے رہے جہاں انہوں نے انڈین گانوں اور موسیقی کی دھن پر بھنگڑے ڈالے اور ڈانس کیا۔ دلچسپ اَمر یہ ہے کہ ہیلوین کے موقع پر جہاں مقامی امریکیوں نے لوگوں کو ڈرانے کیلئے مختلف ڈراؤنی فلموں کے کیریکٹرز کے لباس زیب تن کئے وہاں پر مقامی امریکیوں اور دیسی لڑکوں نے عربی لباس اور برقعے پہن کر بھی لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی کوششیں کیں کیونکہ ان کی نظر میں اس طرح کے لباس یہاں پر خوف کی علامت سمجھے جاتے ہی کیونکہ اکثر میڈیا کے ذریعے جن دہشت گردوں کو دکھایا جاتا ہے وہ اس طرح کے لباس زیب تن کئے ہوئے ہوتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.