تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
5 نومبر 2013
وقت اشاعت: 7:11

پاکستان ایسوسی ایشن ڈیلس کے تحت اقبال ڈے پرکانفرنس 9 نومبر کو ہو گی

جیو نیوز - ڈیلس …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ … پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان امریکن ایسوسی ایشن آف ٹیکساس (PAAT) کی جانب سے شاعر مشرق علامہ اقبال کے 136 ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں ایک روزہ کانفرنس بعنوان ”محبت کی روایت اقبال اور رومی کی نظر میں“ مورخہ 09 نومبر بروز ہفتہ شام 7 بجے شامیانہ ریسٹورینٹ واقع 1301 کیسٹر روڈ پلانو میں منعقد کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں کانفرنس کے کل 3 سیشن ہوں گے جن میں پہلے سیشن میں مقامی رومی سرکل کی جانب سے امریکن صوفی کبسیر کیٹ اور نومسلم آرٹسٹ اور صوفی جمی وولف عرف سلیم سمیت پاکستان سے آئے ہوئے شاہد ندیم‘ امین ترمذی‘ تلمیز فاطمہ اور ڈاکٹر عامر سلیمان اپنے اپنے مقالات اقبال پر پیش کریں گے۔ جبکہ کانفرنس کے دوسرے حصے میں علامہ اقبال کی نظم اور شاعری کو پیش کیا جائیگا جبکہ کانفرنس کے آخری حصے میں مقامی رومی سرکل کی جانب سے تصوف کے بارے میں حاضرین کو آگاہی دی جائے گی تاکہ عوام الناس کو تصوف کے بارے میں بتایا جا سکے۔ ایسوسی ایشن کے میڈیا ترجمان سید فیاض حسن نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام ایک تعمیری اور فکر انگیز پروگرام ہو گا جس میں ایک جانب علامہ اقبال کے خیالات اور ان کی فکر سے متعلق دانشور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے تو دوسری جانب اقبال اور تصوف کے بارے میں بھی دانشور حضرات اہم موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اقبال کا مولانا روم کے ساتھ جو رشتہ قائم تھا اس پر بھی عوام الناس کو بتایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اقبال کی شاعری اور ان کے تصوف کے بارے میں خیالات پر مشتمل یہ کانفرنس عوام کیلئے معلومات کا خزانہ لے کر آئے گی لہٰذا عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ مذکورہ کانفرنس میں ضرور شرکت کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.