10 نومبر 2013
وقت اشاعت: 9:2
فلپائن میں تباہی پھیلانے کے بعد سمندری طوفان ویت نام پہنچ گیا
جیو نیوز - منیلا… سمندری طوفان ہیان،فلپائن میں ہزاروں افراد کی جان لینے کے بعدویتنام سے ٹکرا گیا، جہاں اب تک مختلف حادثات میں 6 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے ،تاریخ کے بد ترین طوفانوں میں سے ایک ’ہیان‘، فلپائن میں قیامت برپا کرنے کے بعد اب چین کے جنوبی ساحلی علاقوں سے ہوتا ہوا ویت پہنچ گیا،4 کیٹگری کے طوفان کے زیر اثر تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں جاری ہیں ،مختلف حادثات میں اب تک 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،11 صوبوں سے 8 لاکھ 83 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔خراب موسم کے باعث کئی فلائٹس منسوخ کی جاچکی ہیں ،اس سے قبل کیٹگری 5 کے سپر ٹائیفون ہیان نے فلپائن میں تباہی مچائی۔ہواؤں کی شدت3 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کرگئی ،منہ زور لہروں کی وجہ سے ہر طرف پانی ہی پانی بھر گیا۔کئی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں ،جگہ جگہ لاشوں، گاڑیوں اور عمارتوں کا ڈھیر لگ گیا، صوبے لے تی کیٹی کلوبان شہر میں ہلاکتوں کی تعداد10 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔لوگ بے یارود مددگار خوراک کی تلا ش میں پھر رہے ہیں ،سمار جزیرے میں 3 سو افراد کی لاشیں ملی ہیں، 2 ہزار کا اب بھی کچھ اتا پتا نہیں ،مواصلات اور ذرائع آمدروفت کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث کئی صوبوں تک پہنچنا ممکن نہیں ،جس کے باعث امدادی کاررائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ،36 صوبوں میں ہر شے ملیا میٹ ہوگئی ،40لاکھ افراد دربدرہوگئے۔ درجنوں افرادائیرپورٹ دوسرے ملکوں کو جانے کے انتظار میں ہیں ، عالمی شخصیات اور اداروں نے فلپائن میں طوفان سے متاثرہ لوگوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کرنیکی اپیل کی ہے۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق 40 ٹن ہائی اینرجی بسکٹ، ٹیلی کمیونیکشن کے آلات اور ایمرجنسی کی اشیا ء متاثرہ علاقوں میں بھیجے گئے ہیں ، جو یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے لیے کافی ہیں ۔