10 نومبر 2013
وقت اشاعت: 14:8
امریکا: فوجی بجٹ میں کٹوتی کاسامنا، وزیردفاع اوباما سے ملاقات کرینگے
جیو نیوز - واشنگٹن…امریکا کی مسلح افواج کو آنے والے برسوں کے دوران اپنے بجٹ میں ایک ٹریلین ڈالر کی کٹوتی کا سامنا ہے۔ اس صورت حال سے پریشان وزیر دفاع چک ہیگل زیادہ سے زیادہ فنڈز کا حصول یقینی بنانے کے لئے آئندہ ہفتے صدر اوباما سے ملاقات کریں گے۔سترہ جنوری انیس سو اکسٹھ کو اس وقت کے امریکی صدر آئزن ہاور نے جس خدشے کا اظہار کیا تھا ، آج وہی خدشہ مسئلہ بن کر امریکا کے سر پر سوار ہے ، امریکا کی موجودہ اقتصادی صورت حال کے پیش نظر بڑی فوج کے لئے بڑا بجٹ دینا اب حکومت کے لئے ممکن نہیں رہا ، وزیردفاع چک ہیگل کو دس سال کے دوران 487 ارب ڈالر کی بجٹ کٹوتیاں ورثے میں ملیں جبکہ آئندہ دس سال کے دوران مزید 500 ارب ڈالرز کی کٹوتی کی جائے گی۔اِسی مسئلے نے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کی نیندیں اڑادی ہیں ، بجٹ کٹوتیوں کی وجہ سے بری، بحری اور فضائی افواج کو فنڈز میں سے کم وبیش مساوی حصہ دینا ممکن نہیں رہا۔ کس کو کتنا فنڈ ملے گا یہ بھی ایک پیچیدہ مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ اس مسئلے پر چک ہیگل اعلی فوجی حکام کے ساتھ کئی میٹنگز کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ امریکی شٹ ڈاوٴن کے خطرات کی وجہ سے امریکا کے اتحادیوں پر برا اثر پڑا ہے۔ اب اگر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا ماضی کا قصہ بننے والا ہے اور عرو ج کے دن ختم ہونے کو ہیں تو وہ اپنے حساب سے غلط بھی نہیں سمجھتے۔