11 نومبر 2013
وقت اشاعت: 1:12
فلپائن میں تباہی مچانے کے بعدہیان اب ویتنام پہنچ گیا
جیو نیوز - ہنوئی…فلپائن کو بری طرح تاراج کرنے کے بعد سمندری طوفان ہیان اب تباہی مچانے ویتنام پہنچ گیا ہے۔ حکومت نے 6 لاکھ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔طوفان ہیان اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو نیست ونابود کرنے کے بعد آج صبح 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ویتنام کے شہر Haiphong سے ٹکراگیا۔فلپائن میں 10ہزار سے زائد لوگوں کو لقمہ اجل بنانے والا طوفان ہیان تیز ہواوٴں اور تیز بارش کے ساتھ نہ جانے اب ویتنام میں کتنی جانوں کی قربانی وصول کرے گا۔طوفان کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے پہلے ہی وارننگ جاری کر دی تھی۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریباً 6 لاکھ سے زائد شہریوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ تقریبا 4 ہزار200 کشتیوں کو بھی محفوظ کیا جا چکا ہے۔ ویتنام کی حکومت کی جانب سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔تاہم لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3دن تک کھانے پینے کی اشیا اپنے ساتھ رکھیں۔ سمندری علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کسی محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوجائیں۔اس سے پہلے فلپائن نے طوفان ہیان نے 315 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے فلپائن میں تبای مچائی تھی۔ ہر طرف لاشوں کے ڈھیر لگانے والے اس طوفان نے صرف صوبے لیتی میں10 ہزار لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ملیشیا میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت ہنگامی ایڈ فلپائن کو بھیجی جا رہی ہے ۔ادھر جرمنی نے بھی فلپائن میں فوری ایڈ بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی جانب سے فلپائن اور ویت نام میں امدادی سامان پہنچنا شروع ہوچکا ہے ۔