11 نومبر 2013
وقت اشاعت: 3:2
جمرود کو پشاور سے ملانے والا پل مسمار، سیکڑوں طلبا مشکل میں
جیو نیوز - پشاور…جمرود کو پشاور سے ملانے والا پل گرا دیا گیا، سیکڑوں طلبا مشکلات کا شکار ۔ملک میں شرح خواندگی بڑھانے کے دعوے کرتے حکمران تھکتے نہیں تاہم خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کو پشاور سے ملانے والے پل کو گراکر انتظامیہ نے سیکڑوں طلباء کا مستقبل داو پر لگا دیا ہے۔کم سنی میں ہی احتجاج پر مجبور بچوں کا تعلق خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود سے ہے جو اپنی تعلیم کا سلسلہ منقطع ہونے پر سراپا احتجاج ہیں۔ تحصیل جمرود کے سیکڑوں طلبہ و طالبات اسی پل کو عبور کرکے پشاور کے قریبی تعلیمی اداروں میں علم کی پیاس بجھاتے رہے ہیں۔ جبکہ پشاور کی خواتین اساتذہ جمرود کے اسکولوں میں بچوں کو پڑھانے کے لئے بھی اس ہی پل کا استعمال کر رہی تھیں۔ تاہم پل کی مسماری سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ جمرود کے رہائشیوں نے پل کو نئے سرے سے تعمیر کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔قوموں کی ترقی میں تو ا ب پ یقین بنیادی جزو ہے تاہم جمرود کے بچوں سے کتابیں چھین کر انکا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔