12 نومبر 2013
وقت اشاعت: 2:26
سمندری طوفان ہیان چین میں بھی 4 افراد کی جانیں نگل گیا
جیو نیوز - منیلا…ہیان طوفان سے تتر بتر ہوئے فلپائن کے ساڑے 6 لاکھ متاثرین کی مدد کیلئے اقوام متحدہ کی ٹیمیں پہنچ گئیں۔امریکی بحری بیڑے جارج واشنگٹن کو بھی ہانگ کانگ سے منیلا جانے کے احکامات مل گئے۔اقوام متحدہ کے مطابق 8 نومبر کو طوفان ہیان نے فلپائن کے صرف ایک شہر میں 10ہزار لوگوں کو لقمہ اجل بنا یا۔جبکہ سمندری طوفان ہیان چین میں بھی 4 افراد کی جانیں نگل گیا۔اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً 6 لاکھ 60ہزار افراد اس طوفان سے متاثر ہوئے ہیں۔جن میں سے بہت سے لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء اور دواوٴں کی قلت ہے۔امریکی محکمہ دفاع نے فلپائن میں امدادی کارروائیوں کے لیے ایئرکرافٹ کیریئریوایس ایس جارج واشنگٹن اور دیگرجہازروانہ کرنے کاحکم دیدیاہے۔ یوایس ایس جارج واشنگٹن اس وقت پورٹ کے دورے پرہانگ کانگ میں ہے۔ اس ائرکرافٹ پر 5 ہزارسیلرزاور80 طیارے موجودہیں۔دوسری جانب طوفان ہیان نے چین کو بھی نہ چھوڑا۔۔چین کے جنوب سے ٹکرانے والے اس طوفان نے 4افراد کی جان لے لی۔۔چین کے جنوب اور وسطیٰ علاقوں میں شدید بارش کے باعث تقریباً 12 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔امدادی کارکنوں نے 800 لوگوں کو ریسکیو کیا۔۔چین میں طوفان کی وجہ سے 20 لاکھ یوان کا نقصان ہوا ہے۔ادھر ویتنام میں بھی طوفان ہیان سے تیز ہواوٴں اور بارش سے 6 افراد جان سے چلے گئے۔۔فلپائن سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت میں کمی واقع ہو گئی تھی۔