14 نومبر 2015
وقت اشاعت: 9:34
انسانی اسمگلنگ کا بڑھتا ہوا گورکھ دھندہ
جیو نیوز - کراچی......ساگر سہندڑو/ویب ڈیسک......گزشتہ دنوں نارتھ امریکی ملک میکسیکوکی لڑکی کارلہ جکی نتو کے منظر پر آنے اور اس کی جانب سے کئے گئے انکشافات نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ امریکہ، میکسیکو اور یورپ سمیت ایشیائی ممالک میں ایک بار پھر انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے گورکھ دھندے پر بحث ہونے لگی ہے ۔
امریکی ادارے سی این این کے مطابق میکسیکو کی23 سالہ کارلہ جکی نتوکو بچپن سے ہی حراساں کیا جاتا رہا ہے جبکہ انہیں کم عمری میں جسم فروشی کی غرض سے کبھی میکسیکو سٹی، کبھی نیو یارک اور کبھی اٹلانٹا منتقل کیا جاتا رہا۔ انہیں اسمگل کرکے پہلی مرتبہ 12 سال کی عمر میں بیچا گیا۔ کارلہ نے بتایاانہیں 43ہزار200 بار عصمت دری کا نشانہ بنایا گیا۔کارلہ نے کئی بار انسانوں کا کاروبار کرنے والوں کے چنگل سے آزاد ہونے کی کوششیں کی لیکن وہ ہمیشہ ناکام ہوجاتیں۔
انسانی اسمگلنگ کو روکنے پر کام کرنے والی امریکا کی عالمی تنظیم ”پولارس“ کے مطابق اس وقت میکسیکو میں سب سے زیادہ خواتین جنسی استحصال کے لئے اسمگل کی جاتی ہیں۔ پولارس کے مطابق کئی نوجوان لڑکیاں اور خواتین اسمگل ہونے کے بعد اس قدر ماہر ہوجاتی ہیں کہ وہ عام افراد سے جھوٹا پیار اور جھوٹی شادی کے وعدے بھی کر لیتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں2012 سے اب تک 2 کروڑ 90 لاکھ انسان اسمگل کئے جاچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این او ڈی سی یعنی یونائٹیڈ نیشن آفس آن ڈرگ اینڈ کرائم کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ انسانی اسمگلنگ کا گورکھ دھندہ مغربی وسطی یورپی ممالک میں ہوتا ہے۔ یو این او ڈی سی کی 2014کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے اسمگل ہونے والے 39 فیصد لو گ مرکزی وسطی یورپی ممالک میں بیچے اور لائے جاتے ہیں جہاں ان سے زبردستی محنت مزدوری سمیت غیر اخلاقی کام کرائے جاتے ہیں۔
انسانی اسمگلنگ کے عالمی اعدادوشمار
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این او ڈی سی کی اب تک کی تازہ رپورٹ کے مطابق اسمگل کئے جانے والے 28 فیصد لوگ سب سہاررہ افریقہ کے خطے میں بیچے جاتے ہیں، اس خطے میں 10 فیصد انسانوں کو جزوی طور پر علاقائی سطح پر بھی اسمگل کیا جاتا ہے۔ مشرقی ایشیائی خطہ انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے دنیا کا تیسرا بڑا مرکز ہے جہاں 23 فیصدانسانوں کو بیچنے کا سیاہ کاروبار کیا جاتا ہے۔کیریبین خطے، نارتھ اور وسط امریکی ممالک میں اسمگل کئے گئے 18 فیصد لوگ لائے جاتے ہیں جن سے جبری طور پر مسلسل کام کرایا جاتا ہے۔
مشرقی یورپ اور وسطی ایشیائی ممالک میں 12 فیصد جبکہ نارتھ امریکہ اور مڈل ایسٹ میں 11 فیصد انسان اسمگل کرکے بیچے جاتے ہیں۔ حیران کن اعداد وشمار کے مطابق جنوبی ایشیائی خطے میں صرف 7 فیصد افراد کو اسمگل کرکے لایا جاتا ہے جبکہ جنوبی امریکی ممالک میں بھی صرف 8 فیصد اسمگل کئے گئے لوگ بیچے جاتے ہیں۔ جنوبی امریکہ میں مزید 3 فیصد لوگوں کو جزوی اسمگل کرکے لایا جاتا ہے۔
یو این او ڈی سی کی 2012 کی رپورٹ کے مطابق اسمگل کی گئی 79 فیصد خواتین کا جنسی استحصال کیا جاتا ہے جبکہ 14 فیصد خواتین سے جبری طور پر سخت مزدوری کا کام لیا جاتا ہے۔اسمگل کے گئے 83 فیصد مردوں سے جبری طور پرمشقت کا کام لیا جاتا ہے جب کہ آٹھ فیصد اسمگل کئے گئے مردوں کا جنسی استحصال ہوتا ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں اسمگل کئے گئے انسانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے وہیں اسمگل کے گئے انسانوں سے غیر انسانی رویوں کے سلوک میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ سن 2011 تک اسمگل کی گئی53 فیصد خواتین کا جنسی استحصال ہوتا تھا جو 2012 میں بڑھ کر 79 فیصد ہوچکا تھا۔
جنگ ویب کودستیاب رپورٹ کے مطابق 2011 تک سب سے زیادہ خواتین اسمگل کی جاتی تھیں۔ان کی تعداد 49 فیصد تھی جبکہ 2011 تک سالانہ 18 فیصد مرد اسمگل کئے جاتے تھے۔
2011ء تک سالانہ 21 فیصد بچیاں اور 12 فیصد بچے بھی اسمگل کئے جاتے تھے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے2013 میں 30جولائی کو انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کا عالمی دن منانے کی قرار داد پاس کی۔