تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
4 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 7:32

سعودی عرب ، پہلی مرتبہ خواتین امیدوار بھی انتخابی میدان میں

جیو نیوز - جدہ …شاہد نعیم …سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین بھی بلدیاتی انتخابات کے لئے میدان میں ایک دوسرے کے روبہ رو آگئی ہیں۔ ملک میں جلد بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جن میں پہلی مرتبہ خواتین بھی بطور امیدوار سیاسی اکھاڑے میں اترنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

لیکن خواتین امیدواروں کے لیے ایک ’ٹوئسٹ‘ یہ ہے کہ حکومت نے ان کے لئے ایک نیا ضابطہ اخلاق ترتیب دیا ہے جس پر انہیں لازماً عمل درآمد کرنا ہوگا۔ نئے ضابطہ اخلاق میں خواتین کے لئے کچھ اصول و ضوابط وضح کئے گئے ہیں جن کے تحت خواتین کو مردوں کے ساتھ گھل مل جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خواتین امیدوار کسی بھی ایسے انتخابی جلسے ، جلوس یا کارنر میٹنگز میں شرکت نہیں کرسکیں گی جہاں مرد بھی موجود ہوں۔ یہی نہیں بلکہ خواتین امیدوارواٹس اپ بھی استعمال نہیں کرسکیں گی۔ تمام خواتین امیدواروں کے لئے ان قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی لازمی ہے۔

ایک عرب ٹی وی کے مطابق ملک میں بلدیاتی انتخابات کی مہم زوروں پر ہے اور جگہ جگہ خواتین امیدواروں نے بینرز، پوسٹرز اور بورڈ بھی آویزاں کرنا شروع کردیئے ہیں، سعودی عرب کی شاہراہوں کے گرد و پیش میں لگے بعض بینروں پر ایسے نعرے اور عبارتیں بھی درج ہیں جن کا براہ راست انتخابات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں مگر امیدوار ان کے جواز کی راہیں بھی نکال رہے ہیں۔

ایک خاتون امیدوار نوف بنت شارع الحارثی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بینرز اور بورڈز پرلکھی ہوئی بعض عجیب وغریب عبارات دراصل اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ خواتین اپنے مخصوص گروپ تشکیل دینے، قبیلے یا کسی بھی دوسری عصبیت کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے سے بعض رہیں۔ ایسے بورڈ لگانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ امیدوار کامیابی کے بعد اپنے حلقے میں قبائلی اور گروہی تعصب کے خاتمے کے لیے کام کرسکے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.