14 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 15:0
بلدیاتی انتخابات میں 20 سعودی خواتین کونسلر کامیاب
جیو نیوز - ریاض......رپورٹ : شاہد نعیم......سعودی عرب میں ہفتے کے روز ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پہلی بار 20 خواتین کونسلر بھی کامیاب ہوئی ہیں۔
سعودی عرب کے الیکشن کمیشن کی جانب سے لوکل باڈیز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والی خواتین کونسلرکے نام بھی جاری کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے انسانی حقوق کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مملکت میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اور ان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل نہایت شفاف طریقے سے اختتام پذیر ہوا ہے۔
بلدیاتی انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے سعودی وزیر برائے بلدیات و دیہی آبادی انجینئر عبداللطیف بن مالک آل الشیخ کی خدمات کو بھی سراہا گیا ہے جنہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت کی روشنی میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آل الشیخ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کو کامیاب بنانے میں شاہ سلمان کی ہدایات کا خاص طور پر تذکرہ کیا گیا اور ان کی معاونت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
عبداللطیف بن مالک آل الشیخ نے بتایا کہ ہفتے کے روز ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آوٹ 47اعشاریہ4 فی صد رہا اور مجموعی طور پر 702اعشاریہ542 مردو خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ بلدیاتی انتخابات 2106ء میںمرد امیدواروں کے ساتھ 20 خواتین بھی کامیاب قرار پائی ہیں۔