17 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 16:35
بارسلونا میں یوم قائد اعظم سیمینار، گورنر پنجاب مہمان خصوصی ہونگے
جیو نیوز - بارسلونا.........شفقت علی رضا........ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام اتوار 27دسمبر کو یوم قائد اعظم ؒ سیمینار بارسلونا میںمنعقد ہو گا جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب محمد رفیق احمد رجوانہ ہونگے۔
اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے صدر چوہدری امتیاز آف لوراںنے تنظیم کے اسپین کے لئے عہدیداروں کا اعلان کیا ۔
اعلان کے مطابق ،فیڈریشن اسپین کے چیئر مین چوہدری سلیم لنگڑیال ، صدر کامران خان ، سر پرست اعلیٰ حاجی اسد حسین ،وائس چیئر مین مہر عمران اختر اور ای یو پاک یوتھ ونگ کے صدر برائے اسپین شہزادہ عثمان ہوں گے ۔منتخب کئے گئے عہدیداران اپنی ایگزیکٹو باڈی منتخب کرکے اس کا اعلان جلد کریں گے۔
عہدیداران کا کہنا تھا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے ہم اپنے مسائل یورپی پارلیمنٹ تک لے کر جائیں گے ، فیڈریشن میں تمام سیاسی، سماجی اور فلاحی تنظیموںاور جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے تاکہ اس پلیٹ فارم سے سب اتفاق و اتحاد سے مل جل کر اپنے حقوق کی آواز بہتر انداز میں بلند کر سکیں ۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب 26دسمبر کو بارسلونا پہنچیں گے اور 27دسمبر کو وہ یوم قائد اعظم ؒ سیمینار سے خطاب کریں گے،ساتھ ساتھ مقامی ا سپانش اتھارٹیز اور پاکستانی کمیونٹی سے خصوصی ملاقاتیں کرینگے۔