21 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 8:14
داعش نے ہزاروں خالی پاسپورٹس چرا لئے جنگجوئوں کو یورپ اسمگل کرنے کا امکان
جیو نیوز - بغداد......داعش نے ہزاروں خالی پاسپورٹس چرا لیے ہیں اور وہ ان کو اپنے جنگجوئوں کو یورپ میں اسمگل کرنے کے لیے استعمال کرسکتی ہے۔
جرمن روزنامے ویلٹ ایم سونتاگ نے گزشتہ روزشائع شدہ رپورٹ میں مغربی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے اور لکھا ہے کہ داعش نے شام ،عراق اور لیبیا میں اپنے زیر قبضہ علاقوں سے یہ سفری دستاویزات چرائی ہوں گی۔
اخبار نے لکھا ہے کہ یہ پاسپورٹس یورپی یونین کے رکن ممالک میں ممکنہ حملہ آوروں کو پناہ گزین کے طور پر داخل ہونے کے لیے جاری کیے جاسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ داعش نے رقوم اینٹھنے کے لیے جعلی دستاویزات کو بیچنے کا پہلے ہی سلسلہ شروع کررکھا ہے اور وہ ایک جعلی پاسپورٹ کو 1500 یورو (6130 ڈالرز)کے عوض فروخت کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ یورپی حکام جعلی دستاویز کے ساتھ سفر کرنے والے شامی مہاجرین کے بارے میں انتباہ کرتے چلے آرہے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ انکے روپ میں مشتبہ جنگجو بھی یورپی ممالک میں داخل ہونے میں کامیاب ہوسکتے ہیں اور وہ حملے کرسکتے ہیں۔