26 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 14:36
مذاکرا ت میں کشمیریوں کی شمولیت پائیدار امن کیلئے ضروری ہے، علی رضاسید
جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ کشمیرپر پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کی شمولیت پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی شرکت کے بغیرکوئی بھی مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے، مذاکرات کی بحالی کے لیے دوطرفہ کوششوں کو سراہتے ہیں ،دونوں ملکوں کو چاہیے کہ وہ کشمیرایشو پرتوجہ دیں۔
دونوں ملکوں کے مابین حالیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ امن کے لیے اچھی علامت ہے لیکن کشمیر پر مذاکرات کشمیریوں کی شمولیت کے بغیرناقابل قبول ہوں گے، خطے کے لوگ امن اور خوشحالی چاہتے ہیں لیکن انصاف کے بغیراور مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے بغیرعلاقے کو ترقی نہیں مل سکتی۔
علی رضا سید نے کہا کہ پاک ، بھارت رہنماؤں کو چاہیے کہ اپنی مخلصانہ کوششوں کے ذریعے خطے کے لوگوں کو مثبت پیغام دیں تاکہ علاقے میں امن قائم ہوسکے، بھارتی وزیراعظم کو یہ باورکرناہوگا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت اور آزادی کے بغیر کسی بھی حل کو قبول نہیں کریں گے، خطے میں اچھے ماحول کے لیے بھارت کو کشمیرسے کالے قوانین ختم کرنے ہوں گے اور کشمیری شہداء مقبول بٹ اور افضل گرو کے جسد خاکی کو ان کے لواحقین کے حوالے کرناہوگا۔
علی رضا سید نے کہاکہ کشمیرایک متنازع علاقہ ہے اور یہ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے جس کا تعلق کشمیریوں کے سیاسی مستقبل سے ہے جو 7دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔