31 جنوری 2016
وقت اشاعت: 8:1
نیک ارادوں، امیدوں، تمناؤں کے ساتھ کئی ملکوں میں نئے سال کا استقبال
جیو نیوز - کراچی.....آسمان پر رنگ و نور کا سیلاب ہے اور زمین پر دمکتے چہروں کی کہکشاں، نیک ارادوں، امن کی امیدوں، خوشحالی کی تمناؤں، کے ساتھ کئی ملکوں میں نئے سال کا استقبال ہوگیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ سے شروع ہونے والا جشن سڈنی اور ملائیشیا سے ہوتا ہوا ہانگ کانگ پہنچ گیا ہے، نئی صدی سوئیٹ سکسٹین سال کی ہو رہی ہے۔
ٹک ٹک کرتی گھڑی کی سوئیاں ادھر 12کے ہندسے پر پہنچیں، ادھر نیوزی لینڈ نے سب سے پہلے 2016ءکو خوش آمدید کہا، نیوزی لینڈ کے اسکائی ٹاور سے پھوٹتی کرنوں نے رات کی سیاہی مٹادی، آکلینڈ کا آسمان سنہرا ہوگیا۔
2016ء کے پہلے ہی لمحے میں آسٹریلیا میں بھی رنگ و نور کی برسات ہوئی، سڈنی کے ہاربر برج نے آسمان پر روشنیوں کا پل بنا دیا، اوپرا ہاؤس نے رشنیوں سے دھنوں کو چھیڑا، ہنستے چہروں، گاتے دلوں نے نئے سال کا استقبال کیا ۔
ٹوکیو ٹاور سے پھوٹتے رنگ آسمان پر نظر آئے تو سب کو پتہ چل گیا کہ جاپان میں بھی نیا سال آگیا۔جنوبی کوریا میں بھی 2016 ءکے آغاز پرخوشیوں کی کہکشاں سے روشنی بھرے رنگوں سے آسمان جھلملاتا رہا ۔نئے سال کی خوشیاں شمالی کوریا پہنچیں تو شاندار آتش بازی نے آسمان پر قوس قزح کے رنگ بکھیرے۔
روشنیوں کا خراج 2016ء کے سورج کو دبئ والے بھی پیش کریں گے، برج خلیفہ روشنیوں سے دمکے گا، برج العرب سے برستا نور آنکھوں میں ستارے بھرے گا اور جمیرہ کے آسمان پر خوشیوں کی کرنیں پھوٹیں گی۔